نئی دہلی: یومِ آزادی کے موقع پراردووسندھی اکادمی، دہلی کے زیرِاہتمام اردواکادمی کے احاطے میں’’ہرگھرترنگا‘‘ مہم کے تحت ’’پرچم کشائی اورثقافتی تقریب‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز اردووسندھی اکادمی کے سیکریٹریزلیکھ راج اوررمیش ایس لعل کے ہاتھوں قومی پرچم ترنگا کی پرچم کشائی سے ہوا۔ قومی گیت اورقومی ترانے کے موقع پرحاضرین نے جوش وخروش کے ساتھ اپنی حب الوطنی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے آغازمیں دونوں اکادمیوں کے سیکریٹریزنے تمام فنکاروں کا گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب کی نظامت کی ذمہ داری اطہرسعید نے بخوبی انجام دی۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں لیکھ راج، ایڈیشنل سکریٹری، محکمۂ فن والسنہ، حکومتِ دہلی نے مجاہدینِ آزادی اورشہیدانِ وطن کی قربانیوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی حاصل کیے ہوئے کئی دہائیاں گزرچکی ہیں، لیکن آج بھی ہم نے اپنے دلوں میں ان عظیم سپوتوں کی یادوں کوزندہ رکھا ہے۔ ہمیں ان کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اورملک میں امن، اتحاد اوربھائی چارے کی فضا برقراررکھنے کے لیے اپنا کردارادا کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اردواورسندھی اکادمیوں کا مشترکہ طورپریہ جشن منانا قومی یکجہتی کی خوبصورت مثال ہے۔
ثقافتی پروگراموں سے محظوظ ہوئے سامعین
ثقافتی پروگرام کا آغاز دہلی کی معروف گلوکارہ ودوشی نے حب الوطنی سے سرشارنغموں سے کیا۔ انھوں نے ’’جہاں ڈال ڈال پرسونے کی چڑیا کرتی ہے بسیرا‘‘ سمیت متعدد نغمے پیش کیے، جن سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے معمور ہوگیا۔ موسیقی کے بعد رقص وسرود کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں بھاؤنا راج گروپ نے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار مختلف قومی موضوعات پر مبنی رقص پیش کیے۔ گروپ نے اپنی پْرجوش پیشکش کا آغازمعروف قومی گیت ’’وندے ماترم‘‘ کی دھن پر اجتماعی رقص سے کیا، جس نے تقریب کے ماحول کو مزید جوش و جذبے سے بھر دیا۔ بعد ازاں گروپ کے فنکاروں نے ہندوستان کے مختلف خطوں کے متنوع روایتی رقص پیش کرتے ہوئے ملک کی رنگا رنگ تہذیبی اور ثقافتی روایت کی خوبصورت عکاسی کی جس سے حاضرین محظوظ بھی ہوئے اورحب الوطنی کے جذبات سے بھی سرشار ہوئے۔
ثقافتی تقریب کے اختتام پر دہلی گھرانے کے معروف قوال ارشد عدنان قطبی اوران کے گروپ نے صوفیانہ قوالیوں کی محفل سجائی۔ انھوں نے اپنی پیشکش کا آغاز’’دل دیا ہے جاں بھی دیں گے، اے وطن تیرے لیے‘‘ سے کیا بعد ازاں حب الوطنی کے موضوع پرمختلف کلام اپنے منفرد اورپُرسوزاندازمیں پیش کیے۔ قوالوں کی دل سوزآوازاورصوفیانہ رنگ نے محفل کو یادگاربنا دیا۔ اس تقریب نے نہ صرف یومِ آزادی کے جذبے کواجاگرکیا بلکہ قومی یکجہتی، بھائی چارے، امن اورہندوستان کی کثیرالثقافتی روایت کا بھی خوبصورت پیغام دیا۔
انہوں نے PM سوریا گھر مفت بجلی یوجنا کے ذریعے گھروں کی چھتوں پر سولر…
تقریباً 40 فنکاروں کی ٹیم نے اپنی پرفارمنس اور مکالموں کے ذریعے مغلیہ دور کے…
پی ایم مودی نے کہا کہ ہر جگہ الگ الگ روایات ہیں اور کھانے پینے…
گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والا یہ بین الاقوامی ٹریڈ شو محض ایک نمائش نہیں…
دوسرا زمرہ، 50 فیصد فیس معافی: جن خاندانوں کی سالانہ آمدنی 4.1 لاکھ روپے سے…
کانگریس آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر تک احتجاجی مارچ نکالے گی۔ وہیں…