قومی

JIH Secretary Rahmathunnissa at Constitution Day Symposium: آئین کا حقیقی مقصد اسی وقت پورا ہوگا جب ہر شہری کو انصاف، مساوات اور یکساں حقوق حاصل ہوں: رحمت النساء اے

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہندکے شعبۂ خواتین کے زیرِ اہتمام ’ہندوستان کا دستوری وژن: تصورات، حقائق اور مستقبل کا لائحۂ عمل‘ کے عنوان سے ایک قومی آن لائن سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔اس سمپوزیم میں ملک بھرسے ماہرینِ تعلیم، انسانی حقوق کے کارکنان اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ سمپوزیم کا مقصد آئینی حقوق اور زمینی حقائق کے درمیان پائے جانے والے فرق کا جائزہ لینا اور مستقبل کے لائحۂ عمل پر غور و خوض کرنا تھا۔ اس سمپوزیم کی صدارت جماعت اسلامی ہند کی قومی سکریٹری رحمت النساء اے نے کی ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انصاف کے قیام کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہوں، جمہوری اقدار کا تحفظ کریں اور منتخب نمائندوں کو ان کی ذمہ داریوں کے تعلق سے جواب دہ بنائیں۔ ملک کے آئین کی روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مساوات کو انصاف سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔ سماج میں بڑھتی ہوئی سماجی و معاشی نابرابری، جمہوری سرگرمیوں کے لیے محدود ہوتی گنجائش اور پارلیمانی مباحثے کے کمزور پڑتے رجحانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رحمت النساء نے شہریوں، خاص کر خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے خاندانوں میں آئینی اقدار کو فروغ دیں اور انہیں زمینی سطح تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ قرآن مجید کی تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف پر قائم رہو، خواہ اس کی زد خود تمہاری اپنی ذات یا مفادات پر ہی کیوں نہ پڑے، انہوں نے تعمیری اختلافِ رائے اور آئینی حقوق سے آگاہی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

ماہرین کا انصاف، اخوت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر زور

سینئر ماہرِ تعلیم انجلی نورونہا نے اخوت و بھائی چارے کو انصاف، آزادی اور مساوات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ذات پات اور صنفی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ نیشنل ویمنز فورم فار پیس اینڈ ہارمنی کی چیئرپرسن اور سماجی کارکن جاگرتی راہی نے اکثریت پسندی، معاشی نابرابری اور جمہوری حقوق کو درپیش خطرات کی جانب توجہ مبذول کرائی اور نچلی سطح پر عوامی شرکت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی حقوق کی کارکن ڈاکٹر فرزانہ خان نے پولیس کی جانب سے کی جانے والی من مانی گرفتاریوں، طویل مدت تک حراست اور دفعہ 21 کے تحت حاصل شخصی آزادی کو درپیش خطرات پرتشویش ظاہرکی۔ انہوں نےمضبوط قانونی تحفظات اور عام شہریوں کو انصاف کی فراہمی کی وکالت کی۔ بچوں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن ورشا بھارگوِی نے اجتماعی شہری ذمہ داری، ادارہ جاتی جواب دہی اور مساوات پر مبنی اقدار کے فروغ میں خاندانوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔ جماعت اسلامی ہند کی نیشنل اسسٹنٹ سکریٹری عارفہ پروین نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، نفرت انگیز تقاریر اور گمراہ کن پرپوگینڈا کا مقابلہ کرنے اور آئین سے متعلق عملی و بامقصد تعلیم کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل میں ان کی معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی میں مساوی مواقع کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

میناز بھانو: ہر شہری کو عزت، مساوات اور تحفظ فراہم کرنا ضروری

اس سے پہلے سمپوزیم کمیٹی کی کنوینر اور جماعت اسلامی ہند شعبۂ خواتین کی مجلسِ عاملہ کی رکن میناز بھانو نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سمپوزیم کے انعقاد کا مقصد آئینی اقدار کے ساتھ بامعنی وابستگی پیدا کرنا اور خواتین کو ایک منصفانہ اور ذمہ دار سماج کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی برتری کا تعین محض اس کی معاشی یا فوجی طاقت سے نہیں ہوتا، بلکہ اس بات سے ہوتا ہے کہ وہ اپنے ہر شہری کو کتنی عزت، مساوات اور تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشی جمہوریت کے بغیر سیاسی جمہوریت باقی نہیں رہ سکتی، انہوں نے دستوری وعدوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ہر شہری دستور کے تحفظ کا ذمہ دار ہے

سمپوزیم کا اختتام اس یاد دہانی کے ساتھ ہوا کہ دستور کا تحفظ محض اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ملک کے ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قومی سمپوزیم کی نظامت کے فرائض محسنہ ساچورا نے انجام دئے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

PM Modi On Mann Ki Baat: ’من کی بات‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے سیف چیمپئن شپ جیتنے پر کی ہندوستانی فٹبال ٹیم کی تعریف

وزیر اعظم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ کے 140ویں ایپی سوڈ میں سیف چیمپئن…

7 minutes ago

CEPA Talks Ahead of Modi’s Canada Visit: وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ کینیڈا سے پہلے CEPA پر مذاکرات تیز، 2030 تک تجارت دوگنی کرنے کی تیاری

وزیر اعظم نریندر مودی کے دسمبر میں متوقع دورۂ کینیڈا سے قبل ہندوستان اور کینیڈا…

1 hour ago