دہلی: دیوالی کی رات دہلی کے نریلا علاقے میں پٹاخے جلانے کے دوران ایک 10 سالہ بچے کی دردناک موت ہوگئی۔ اہل خانہ کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں منانے والے رشی کے سینے میں راکٹ یا انار جیسا پٹاخہ آکر لگا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اہل خانہ اسے فوری طور پر اسپتال لے گئے، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بچے کی موت کے بعد خاندان میں کہرام مچ گیا ہے۔ یہ افسوسناک حادثہ دہلی کے نریلا تھانہ علاقے کی راجیو کالونی میں پیش آیا۔ متوفی بچے کی شناخت 10 سالہ رشی کے طور پر ہوئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق، دیوالی کی پوجا کے بعد رشی اپنے خاندان کے ساتھ پٹاخے جلا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک راکٹ یا انار جیسا پٹاخہ اس کے سینے میں آکر لگا۔ پٹاخہ لگنے سے بچہ شدید زخمی ہوگیا۔
اسپتال میں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا
حادثے کے فوراً بعد اہل خانہ رشی کو تشویشناک حالت میں راجا ہریش چندر اسپتال لے کر پہنچے، لیکن وہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ جس گھر میں کچھ دیر پہلے دیوالی کی خوشیاں منائی جارہی تھیں، وہاں بچے کی موت کے بعد ماتم چھا گیا۔رشی کی موت کے بعد اہل خانہ میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ انہوں نے اسپتال اور علاج کے انتظامات میں لاپروائی کے الزامات لگائے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بیٹے کی موت کا صدمہ برداشت نہ کر پانے کے باعث اسپتال پہنچے اس کے والد کی طبیعت بھی بگڑ گئی۔
اسپتال پر علاج میں لاپروائی کا الزام
متوفی رشی کے بھائی موہت نے اسپتال کے انتظامات اور علاج میں لاپروائی کا الزام لگاتے ہوئے انتظامیہ سے معاملے کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اسپتال انتظامیہ نے مناسب طریقے سے علاج کیا ہوتا تو ان کے بھائی کی جان بچائی جاسکتی تھی۔ اس حادثے نے دہلی میں پٹاخوں پر پابندی کے باوجود خطرناک آتش بازی کے سامان کی دستیابی پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب راجدھانی میں پٹاخوں پر پابندی عائد ہے تو راکٹ اور انار جیسے خطرناک پٹاخے لوگوں تک کیسے پہنچ رہے ہیں؟ پابندی کے باوجود ایسے پٹاخوں کی فروخت اور استعمال پر مؤثر روک کیوں نہیں لگائی جارہی ہے؟
بھارت ایکسپریس اردو۔
راج کمل فلمز انٹرنیشنل نے واضح کیا کہ اس نے اپنی کسی بھی فلم کے…
ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق نے کہا کہ اُردو ایک اسی زبان ہے جس کو کبھی…
امریکہ کے ساتھ نئی بات چیت کے لیے ایران نے اپنا موقف واضح کر دیا…
سوریہ کمار کو یادو کو کپتانی کا کافی تجربہ ہے۔ سوریہ کمار کی کپتانی میں…
جنوبی افریقہ دورے پرہندوستانی ٹیم ایک ٹسٹ میچ، تین ونڈے اور تین ٹی-20 میچوں کی…
چھ امیدواروں کے درمیان مقابلے میں چار خواتین نمائندوں کا انتخاب، اب 5 دسمبر کو…