قومی

Tripura Student Tragic Death: دہرادون میں تریپورہ کے طالب علم اینجل چکما کی موت، سپریم کورٹ 5 جنوری کو مفاد عامہ کی عرضی پر کرے گا سماعت

اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں تریپورہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم اینجل چکما پر مبینہ نسلی حملے اور بعد ازاں اس کی موت کے معاملے نے پورے ملک میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس واقعے کے بعد دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی پر سپریم کورٹ 5 جنوری کو سماعت کر سکتا ہے۔ عرضی میں شمال مشرقی ریاستوں کے شہریوں کے خلاف نسلی تشدد سے نمٹنے میں آئینی ناکامی کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دائر کی گئی پی آئی ایل میں کہا گیا ہے کہ اینجل چکما کی موت بھارتی آئین کے آرٹیکل 14، 19 (1)(اے) اور (جی) کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 21 کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو مساوات، اظہار کی آزادی، پیشے کے حق اور زندگی و آزادی کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔ عرضی کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف ایک فرد کے خلاف تشدد ہے بلکہ ایک مخصوص خطے کے لوگوں کو نشانہ بنانے کی سنگین مثال بھی ہے۔

عرضی میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ حملے کے دوران اینجل چکما نے سوال کیا تھا کہ ’’ہم ہندوستانی ہیں، اس کے لیے ہمیں کون سا سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا؟‘‘ عرضی گزار انوپ پرکاش اوستھی نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرکز اور تمام ریاستی حکومتوں کو اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے واضح ہدایات جاری کی جائیں۔ ساتھ ہی یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ جب تک نسلی توہین اور تشدد کے خلاف کوئی جامع قانون نہیں بنتا، سپریم کورٹ خود وسیع رہنما اصول جاری کرے۔

اینجل چکما کی موت کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں غم و غصے کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ ان کے اہل خانہ نے ملزمان کے لیے سزائے موت یا کم از کم عمر قید کی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ اینجل چکما 27 دسمبر کو دہرادون کے سیلاکوئی علاقے میں مبینہ نسلی حملے کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ واقعے پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اینجل کے والد ترون پرساد چکما کو انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پولیس نے اب تک پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ نیپال نژاد ایک ملزم تاحال مفرور ہے، جس پر انعام بھی اعلان کیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Sibghatullah

Recent Posts

Water crisis in Delhi or the tanker business? دہلی میں پانی کا بحران یا ٹینکروں کا کاروبار؟ بھارت ایکسپریس کی تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات

کیشوپور، جنک پوری، روہنی، سونیا وہار اور منگول پوری سمیت کئی علاقوں میں خفیہ کیمرے…

10 hours ago