ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے اپنے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) دیپک راجاوت کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری یکم دسمبر 2026 سے مؤثر ہوگی۔ اس تقرری کے ساتھ ایئر انڈیا ایکسپریس کی اعلیٰ قیادت میں مالیاتی اور کاروباری شعبوں کا تجربہ شامل ہوگا۔ دیپک راجاوت اس سے پہلے وستارا میں بھی کام کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے کئی اہم عہدوں پر اپنی خدمات انجام دیں۔
دیپک راجاوت کو ایوی ایشن اور فنانس میں دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ
دیپک راجاوت کو ایوی ایشن اور فنانس کے شعبوں میں دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ کمپنی کے مطابق، ایئر انڈیا ایکسپریس سے وابستہ ہونے سے پہلے وہ وستارا کے آغاز ہی سے اس کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ وستارا میں انہوں نے کارپوریٹ پلاننگ، طیاروں کی خریداری اور فنانس جیسے اہم شعبوں میں خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں وہ وستارا کے چیف کمرشل آفیسر بھی مقرر ہوئے۔ اس عہدے پر رہتے ہوئے وہ ریونیو مینجمنٹ، نیٹ ورک پلاننگ، سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن، شراکت داری، پروڈکٹ ڈیولپمنٹ، دورانِ پرواز خدمات، مارکیٹنگ اور صارفین کے تجربے سے متعلق پروگراموں کی نگرانی کرتے تھے۔
راجاوت کے دور میں وستارا کو ملی نئی پہچان
ایئر انڈیا ایکسپریس کے مطابق، دیپک راجاوت کے دور میں وستارا گھریلو مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی ایئرلائن بن گئی تھی۔ اس کے علاوہ، وستارا کو اسکائی ٹریکس (Skytrax) کی دنیا کی 20 بہترین ایئرلائنز کی فہرست میں بھی جگہ ملی تھی۔ اس فہرست میں وستارا 2022 میں 20ویں مقام پر تھی، جب کہ 2023 اور 2024 میں اس نے 16ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
ایئر انڈیا ایکسپریس میں فنانس ڈپارٹمنٹ کی قیادت کر چکے ہیں راجاوت
ایئر انڈیا ایکسپریس میں دیپک راجاوت فنانس ڈپارٹمنٹ کی قیادت کر چکے ہیں۔ انہوں نے ایئرلائن کی توسیع اور ایئر انڈیا گروپ کے ساتھ اس کے انضمام میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ وستارا اور ایئر انڈیا کا انضمام نومبر 2024 میں ہوا تھا۔ انضمام سے پہلے وستارا میں ٹاٹا گروپ کی 51 فیصد اور سنگاپور کی ایئرلائن کمپنی سنگاپور ایئرلائنز کی 49 فیصد حصے داری تھی۔ انضمام کے بعد مشترکہ کمپنی میں سنگاپور ایئرلائنز کی حصے داری 25.1 فیصد ہوگئی تھی۔
مالیاتی مہارت اور پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں دیپک
دیپک راجاوت کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے ایئر انڈیا ایکسپریس کے چیئرمین نپن اگروال نے کہا کہ راجاوت اپنے ساتھ مالیاتی مہارت، پیشہ ورانہ تجربہ اور ٹاٹا گروپ کے ایوی ایشن کاروبار کی گہری سمجھ لے کر آئے ہیں۔ اس موقع پر دیپک راجوت نے کہا کہ ان کی توجہ ایئرلائن کی صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کو مزید بہتر بنانے پر ہوگی۔ ان کا مقصد ایسی ایئرلائن تیار کرنا ہے جو مکمل طور پر صارفین کی ضروریات پر مرکوز ہو اور ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں بہتر سہولت اور قدر فراہم کرے۔
روزانہ تقریباً 585 پروازیں چلاتی ہے ایئر انڈیا ایکسپریس
ایئر انڈیا ایکسپریس اس وقت روزانہ تقریباً 585 پروازیں چلاتی ہے۔ یہ ایئرلائن جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا اور مغربی ایشیا کے 48 گھریلو اور 17 بین الاقوامی مقامات کو جوڑتی ہے۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کے بیڑے میں بوئنگ 737 اور ایئربس اے 320 سیریز کے مجموعی طور پر 108 طیارے شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بدھ کے روز اپنے پی ڈی اے رتھ کے…
انسانی ساختہ پہلی شے جس نے زمین سے ایک نوری دن کی دوری عبور کی،…
پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق کے مطابق 2035 تک مسلمان دنیا کا سب سے…
19 نومبر کو نئی دہلی میں منعقدہ دو روزہ محکمہ جاتی کانفرنس کے اختتامی اجلاس…
وزیر اعظم نے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے نئی اختراعات اور ہندوستانی صلاحیتوں کو…
چین میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کی پہلی سہ فریقی ملاقات، یوکرین…