لکھنؤ کی ایک عدالت نے معروف ٹی وی اینکر انجنا اوم کشیپ کے خلاف ایک شکایت درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ معاملہ اُن کے ٹی وی شو بلیک اینڈ وائٹ کی 14 اگست کو نشر ہونے والی قسط سے متعلق ہے، جس کا عنوان تھا ’’بھارت وِبھاجن کا مقصد پورا کیوں نہیں ہوا؟‘‘۔ اس قسط کے مواد پر اعتراض کرتے ہوئے سابق آئی پی ایس افسر اور سیاسی جماعت آزادی ادھیکار سینا کے صدر امیتابھ ٹھاکر نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
امیتابھ ٹھاکر نے الزام لگایا کہ مذکورہ قسط کا مقصد ملک میں ہندو اور مسلمان برادریوں کے درمیان تفریق پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام آج تک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (سابق ٹوئٹر) اور یوٹیوب پر ایک اشتعال انگیز کیپشن کے ساتھ اپلوڈ کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ’’چار کروڑ مسلمانوں میں سے صرف 96 لاکھ پاکستان گئے! بھارت کی تقسیم کا مقصد پورا کیوں نہیں ہوا؟‘‘ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کا سوال مسلمانوں سے یہ پوچھنے کے مترادف ہے کہ وہ بھارت میں کیوں ہیں، جو قومی یکجہتی کے اصولوں کے منافی ہے۔
پولیس نے کیا مقدمہ درج کرنے سے انکار تو کیا عدالت کا رخ
امیتابھ ٹھاکر کے مطابق جب انھوں نے اس سلسلے میں اتر پردیش کے گومتی نگر تھانے میں ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کی تو پولیس نے کارروائی سے انکار کر دیا، جس کے بعد انھوں نے عدالت کا رخ کیا۔ انھوں نے اپنی عرضی میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر قومی یکجہتی کے خلاف ہے اور اس میں حقائق کو اس انداز سے پیش کیا گیا ہے کہ وہ عوام کو بھڑکا سکتے ہیں۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پروگرام کا مقصد سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے۔ امیتابھ ٹھاکر نے عدالت کو مزید بتایا کہ پروگرام میں ایسے سوالات اٹھائے گئے ہیں جن سے ’’عدم برداشت کے شکار افراد‘‘ کو یہ سوچنے پر اکسایا جا سکتا ہے کہ ملک میں ایک ’’تاریخی اصلاح‘‘ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سوچ انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انجنا اوم کشیپ کا پروگرام بھارتیہ نیائے سنہتا (نئے بھارتی فوجداری قانون) کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کرتا ہے، جن میں مذہبی بنیادوں پر دشمنی کو فروغ دینا، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنا، قومی یکجہتی کے خلاف دعوے کرنا اور عوامی فساد کو ہوا دینا شامل ہے۔ عدالت نے شکایت پر غور کرتے ہوئے انجنا اوم کشیپ کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ اس معاملے کی مکمل قانونی جانچ ہو سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
ابو عاصم اعظمی نے اکھلیش یادو کے ایودھیا دورے پر اٹھائے جانے والے سوالات کا…
حیدرآباد میں پیدا ہونے والے طلعت عزیز کبھی کرکٹر بننے کا خواب دیکھتے تھے، لیکن…
فضائی آلودگی کی صورتحال خراب ہونے کے باعث دہلی اور اس کے آس پاس کے…
اے آئی ایم آئی ایم لیڈر نے کہا کہ اب مسلمان خاموش رہ کر ووٹ…
سہیل احمد بھٹ نے 38ویں منٹ میں پنالٹی پر فیصلہ کن گول کیا، گول کیپر…
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے ’یگے یگین بھارت میوزیم‘ کی…