قومی

UP Election 2027: ’’’سماجک پریورتن مورچہ‘ اتر پردیش میں بدل دے گا اقتدار…‘‘، چندر شیکھر آزاد کا دعویٰ

لکھنؤ: آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے قومی صدر چندر شیکھر آزاد نے اتر پردیش میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ’سماجک پریورتن مورچہ‘ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کا سبب بنے گا۔ آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ ’سماجک پریورتن مورچہ‘ اتر پردیش میں اقتدار کی تبدیلی کرے گا، کیونکہ عوام نے اس مورچے کے ساتھ جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نو سال سے زیادہ عرصے تک بی جے پی کی حکومت دیکھی جا چکی ہے۔ اس حکومت میں نوجوانوں کو روزگار نہیں ملا، بلکہ روزگار کے مواقع پر قدغن لگائی گئی، اسکول بند کیے گئے اور کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں ملی۔ مذہبی حقوق بھی چھینے گئے۔ ہر طبقہ اس حکومت سے پریشان ہے۔ آزاد نے کہا کہ اسی لیے تمام طبقات نے عزم کر لیا ہے کہ بی جے پی کو اقتدار سے باہر کا راستہ دکھایا جائے۔ جب ہمارا اتحاد میدان میں اترے گا تو اسے تاریخی عوامی حمایت حاصل ہوگی اور بی جے پی کی رخصتی یقینی ہے۔

ہم کمزور طبقات کی آواز بنیں گے: آزاد

اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ساتھ اتحاد کرنے سے متعلق سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آزاد نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وہ نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کے تجزیے پر میں انہیں مبارک باد دینا چاہتا ہوں، لیکن ہم تو حکمراں جماعت سے لڑ رہے ہیں۔ میں نے انہیں بھی اتحاد کی پیشکش کی تھی، مگر شاید وہ ابھی اس بات کو سمجھ نہیں پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو انتخاب لڑنے کا حق حاصل ہے۔ جب سیاسی جماعتیں مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ اور جموں میں انتخاب لڑ سکتی ہیں تو تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق ہے۔ ہم اتر پردیش کے ہیں، اس لیے پوری مضبوطی کے ساتھ انتخاب لڑیں گے اور جیت بھی حاصل کریں گے۔ آزاد نے کہا کہ ہمارا اتحاد کمزور طبقات کی آواز اٹھائے گا۔ ہم ان کے ووٹ لے کر گھر بیٹھنے والے نہیں ہیں، بلکہ ان کے مسائل کو پوری مضبوطی سے اٹھا کر ان کی طاقت اور آواز بنیں گے۔

یومِ آئین پر تاریخی ریلی کا اعلان

یومِ آئین کا ذکر کرتے ہوئے چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ آئین ہر شہری کو برابری کا حق دیتا ہے۔ یہ میرے جیسے غریب خاندان کے بچے کو بھی حکومت سے آنکھ میں آنکھ ڈال کر سوال پوچھنے کا اختیار فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یومِ آئین کے موقع پر ایک تاریخی ریلی منعقد کی جائے گی۔

انڈیا اتحاد کے لیڈران سے رابطے کا دعویٰ

چندر شیکھر آزاد نے دعویٰ کیا کہ این ڈی اے کے ایک اتحادی جماعت کے لیڈر کا فون آیا تھا۔ ان کے مطابق، اس لیڈر نے کہا کہ اگر انہیں مناسب احترام دیا جائے تو وہ ان کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنا اور اس اتحاد کا حصہ بننا چاہیں گے۔ آزاد نے بتایا کہ انہوں نے اس لیڈر سے کہا ہے کہ وہ اپنے اتحاد کے ساتھیوں سے مشورہ کرنے کے بعد ہی آگے کا فیصلہ بتائیں گے۔ اگر تمام اتحادی اس پر متفق ہوئے تو انہیں اتحاد میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ انڈیا اتحاد کی ایک جماعت کے سینئر لیڈران کا بھی فون آیا ہے۔ ان لیڈران کی خواہش ہے کہ اگر انہیں وہاں مناسب احترام نہیں ملتا تو وہ بی جے پی کو روکنے میں اپنا تعاون دینے کے لیے اس بڑے اتحاد کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں۔ آزاد نے کہا کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Rahul Gandhi Challenges: ’ثبوت میرے اس فون میں ہیں‘، راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو کیوں دیا براہِ راست بحث کا چیلنج؟

راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو براہِ راست اور عوامی…

23 minutes ago