لندن: برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے بتایا ہے کہ روس کے نام نہاد ’شیڈو فلیٹ‘ سے وابستہ آئل ٹینکر ایم وی اسمیرتوس (MV Smyrtos) کے بھارتی کپتان اجے پنت پر روس کے خلاف عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ بی بی سی کی ایک روپورٹ کے مطابق این سی اے کا کہنا ہے کہ 38 سالہ بھارتی شہری اجے پنت کو منگل کے روز ساؤتھمپٹن مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ایجنسی نے کہا کہ کپتان پر روس (پابندیاں) (یورپی یونین اخراج) ضوابط 2019 کی دفعہ 46Z9B کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے براہِ راست یا بالواسطہ طور پر روس سے ممنوعہ تیل یا تیل کی مصنوعات کو بحری جہاز کے ذریعے کسی تیسرے ملک تک پہنچایا۔
جہاز اب بھی برطانوی تحویل میں
روسی آئل ٹینکر ایم وی اسمیرتوس اس وقت ویماؤتھ کے ساحل کے قریب برطانوی تحویل میں ہے، جبکہ اس پر سوار 24 ارکانِ عملہ اب بھی جہاز پر موجود ہیں۔ اتوار کو ہونے والی تقریباً چھ گھنٹے طویل کارروائی میں رائل میرین کمانڈوز نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے رسیوں کی مدد سے جہاز پر اتر کر اسے اپنے قبضے میں لیا۔ اس آپریشن میں رائل ایئر فورس نے بھی معاونت کی۔ برطانوی مسلح افواج کی جانب سے اس نوعیت کی یہ پہلی کارروائی تھی۔
برطانیہ نے جہاز کو روانگی سے روک دیا
پیر کے روز برطانیہ کی وزیر ٹرانسپورٹ ہائیڈی الیگزینڈر نے باضابطہ حکم جاری کرتے ہوئے ایم وی اسمیرتوس کو برطانیہ چھوڑنے سے روک دیا۔ روس، یوکرین پر حملے کے بعد عائد مغربی پابندیوں سے بچنے کے لیے سیکڑوں آئل ٹینکروں پر مشتمل جس نیٹ ورک کا استعمال کرتا ہے، اسے ‘شیڈو فلیٹ’ کہا جاتا ہے۔ برطانیہ اب تک ایسے 500 سے زائد جہازوں پر پابندیاں عائد کر چکا ہے۔ وزیراعظم کیر اسٹارمر نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ برطانوی مسلح افواج کو اب ان پابندی زدہ جہازوں کو، جو برطانوی سمندری حدود سے گزرتے ہیں، روکنے اور ان پر سوار ہونے کا اختیار حاصل ہے۔
برطانیہ کا روس کو واضح پیغام
برطانوی وزیر دفاع ڈین جاروس نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے روس کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ برطانیہ اور اس کے اتحادی روسی جنگی مشینری کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور ایسا کریں گے بھی۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے باوجود فروخت ہونے والا روسی تیل ولادیمیر پوتن کی یوکرین کے خلاف جنگ کے لیے مالی وسائل فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق فروخت ہونے والا ہر بیرل تیل ان میزائلوں اور ڈرونز کی مالی معاونت کرتا ہے جو یوکرین میں تباہی پھیلا رہے ہیں۔ ڈین جاروس نے مزید کہا کہ برطانیہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، تاہم برطانوی پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔ وزیر دفاع کے مطابق، تحویل میں لیے گئے جہاز کے عملے میں شامل بھارتی اور جارجیائی شہری اس وقت نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
ایرانی نیوز چینل پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ڈرون کو ایران کے…
شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد سے یہ طیارہ کرمان شاہ کے لیے روانہ ہوا…
یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز کے خلاف لڑائی کی ایک ویڈیو…
آئی ایم ڈی کے مطابق منگل (15 ستمبر) کو دہلی کے کچھ علاقوں میں بونداباندی…
وزیر اعظم نریندر مودی کے 25 سالہ عوامی خدمت کے سفر کے موقع پر 17…
یورپی کمیشن کی صدر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملے کی مذمت کرتے ہوئے…