BJP Leader Kailash Vijayvargiya Controversial Remark on Girls: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے تنازعہ میں پھنس گئے ہیں۔ اس بار ان کا سوشل میڈیا پر ہنومان جینتی کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں کیلاش وجے ورگیہ کہہ رہے ہیں کہ کچھ خواتین ایسے کپڑے پہن کر نکلتی ہیں کہ دل کرتا ہے کہ ان کو کار سے اتار کر تھپڑ ماردیں۔ وہ پوری شُورپنکھا (راون کی بہن کا نام شُورپنکھا تھا) لگتی ہیں۔
اس ویڈیو میں کیلاش وجے ورگیہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں، میں کبھی کبھی دیکھتا ہوں، ‘میں آج بھی جب نکلتا ہوں، پڑھے لکھے نوجوانوں، بچوں کو جھومتے ہوئے دیکھتا ہوں تو سچ میں ایسا دل کرتا ہے کہ پانچ سات ایسی دوں کہ ان کا نشہ اترجائے۔ سچ کہہ رہا ہوں۔ بھگوان کی قسم۔ ہنومان جینتی پر جھوٹ نہیں بولوں گا۔ لڑکیاں بھی اتنے گندے کپڑے پہن کر نکلتی ہیں کہ… ہم لوگ خواتین کو دیوی بولتے ہیں۔ ان میں دیوی کی شکل ہی نہیں نظرآتی۔ بالکل شُورپنکھا لگتی ہیں۔ سچ میں بھگوان (خدا) نے اچھا خوبصورت جسم دیا ہے۔ ذرا اچھا کپڑا پہنو یار۔ بچوں میں آپ تہذیب ڈالئے، میں بہت فکرمند ہوں۔’
کیلاش وجے ورگیہ کے اس متنازعہ بیان کے سامنے آنے کے بعد اس پر سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ حالانکہ کیلاش وجے ورگیہ کی طرف سے ابھی اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
نشہ تشویش کا موضوع
کیلاش وجے ورگیہ نے مزید کہا کہ ہمارا اندور ہر بات میں نمبر ون ہے، لیکن گزشتہ دنوں نشے نے جس طرح سے نوجوان نسل کو چھیڑا ہے، وہ کل کے لئے ہماری تشویش کا موضوع ہے۔ اس لئے بچوں کی اچھی تربیت کیجئے۔ اس دوران بی جے پی لیڈر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مستقبل ہیں، اگران کا طرزعمل عمدہ اورمتوازن ہو گا تو وہ قوم کے لئے بہترین کردار ادا کر سکیں گے۔