بی جے پی نے لوک سبھا الیکشن کے لئے اپنے 195 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی۔ اس فہرست میں حیدرآباد سیٹ کے امیدوارکا نام بھی شامل ہے۔ حیدرآباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ بی جے پی نے ان کے خلاف ڈاکٹرمادھوی لتا کو امیدوار بنایا ہے۔
بی جے پی نے تلنگانہ کی 9 سیٹوں پرامیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ کریم نگر سے بندی سنجے کمار، نظام آباد سے اروند دھرم پوری، ظہیرآباد سے بی بی پاٹل، ملکاج گری سے ای ٹیلا راجندر، سکندرآباد سے جی کشن ریڈی، حیدرآباد سے ڈاکٹر مادھوی لتا، چیل ویلّا سے کونڈا وشیوشورریڈی، نگرکرنولو سے شری پی بھرت، بھونگیرسے بورا نرسیاہ گوڑ کو امیدواربنایا گیا ہے۔
کون ہیں مادھوی لتا؟
حیدرآباد اویسی کا گڑھ رہا ہے۔ ایسے میں بی جے پی نے یہاں سے نئے چہرے پرداؤں کھیلا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈاکٹرمادھوی لتا ورنچی اسپتال کی چیئرپرسن ہیں۔ مادھوی لتا کا مقابلہ اسدالدین اویسی سے ہوگا۔ حیدرآباد سیٹ اویسی فیملی کے لئے کافی اہم مانی جاتی ہے۔ یہاں 1984 سے اویسی فیملی کا قبضہ ہے۔ 1984 میں اسدالدین اویسی کے والد سلطان صلاح الدین اویسی اس سیٹ سے پہلی باررکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے تھے۔ اس کے بعد سے 2004 تک اس سیٹ سے رکن پارلیمنٹ رہے۔ 2004 سے یہ سیٹ ان کے بڑے بیٹے اسدالدین اویسی کے پاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کو گالی دینے والے رمیش بدھوڑی کا بی جے پی نے کاٹ دیا ٹکٹ، جانئے کسے بنایا گیا امیدوار
بیجے پی نے جاری کی 195 امیدواروں کی فہرست
لوک سبھا الیکشن 2024 کے لئے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ بی جے پی کی پہلی فہرست میں 195 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اس میں وزیراعظم نریندرمودی وارانسی سے ایک بارپھرالیکشن لڑیں گے جبکہ گاندھی نگرسے امت شاہ کو امیدواربنایا گیا ہے۔ بی جے پی ہیڈ کوارٹرمیں منعقدہ پریس کانفرنس میں بی جے پی لیڈر ونود تاؤڑے نے کہا کہ پھرایک بارمودی سرکار۔ 16 ریاستوں میں سے 195 سیٹوں کے امیدواروں کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فہرست میں 34 وزراء کے نام بھی شامل ہیں۔ گجرات سے 15 امیدواروں اورآسام کے 11 ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں 28 خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وہیں 47 نوجوان امیدواروں کو موقع دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے 27 ایس سی اور18 ایس ٹی امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کیرلا کے ملّا پورم سے ڈاکٹرعبدالسلام کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کی پہلی فہرست میں اترپردیش کی 51، مغربی بنگال کی 20، مدھیہ پردیش کی 24، گجرات کی 15، راجستھان کی 15، کیرلا کی 12، تلنگانہ کی 9، آسام کی 11، جھارکھنڈ کی 11، جھارکھنڈ کی 11، چھتیس گڑھ کی 11، دہلی کی 5، جموں وکشمیر کی 2، اتراکھنڈ کی 3، اروناچل پردیش کی 2، گوا کی ایک، تری پورہ کی ایک، انڈمان کی ایک، دمن اور دیو کی ایک ایک سیٹوں کے لئے امیدواروں کے نام شامل ہیں۔