قومی

Protection of Civil Rights: اے پی سی آر کے وفد کا بہار میں ہجومی تشدد (ماب لنچنگ) کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات، فوری انصاف اور جوابدہی کا مطالبہ

نئی دہلی: ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) کے وکلاء اور انسانی حقوق کے کارکنان پر مشتمل ایک وفد نے حال ہی میں بہار کے اضلاع مدھوبنی اور سیوان میں ہجومی تشدد (ماب لنچنگ) کے مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس دورے کا مقصد تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینا، قانونی معاونت فراہم کرنا اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ وفد نے سب سے پہلے ضلع مدھوبنی کے علاقے پلپراس کا دورہ کیا، جہاں 25 فروری 2026 کو ایک ہجوم نے روشن خاتون پر بہیمانہ حملہ کیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق حملہ آوروں میں گاؤں کا سربراہ بھی شامل تھا۔ بتایا گیا کہ روشن خاتون اس وقت روزے سے تھیں اور واقعے کے دوران انہیں بروقت مدد اور تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔ خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس نے نہ تو حملے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے اور نہ ہی حملے کے بعد فوری طبی امداد کا انتظام کیا۔ شدید زخمی ہونے کے بعد روشن خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔ وفد نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ اس مقدمے میں گرفتار واحد ملزم کو نچلی عدالت سے ضمانت مل چکی ہے، جس سے انصاف کی فراہمی اور جوابدہی کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

تشدد کا شکار ہونے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات

اے پی سی آر کے وفد نے مدھوبنی ضلع کے جھنجھارپور علاقے میں رہنے والے یومیہ مزدور قیوم کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی، جنہیں 13 جنوری 2026 کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق قیوم روزگار کی تلاش میں گھر سے نکلے تھے کہ گھر سے کچھ فاصلے پر ان پر حملہ کر کے انہیں قتل کر دیا گیا۔ جرم کی سنگینی کے باوجود پولیس اب تک صرف ایک ملزم کو گرفتار کر سکی ہے۔ وفد نے تشویش ظاہر کی کہ قیوم کی بیوہ اور ان کے چار کم سن بچوں کو اب تک نہ کوئی معاوضہ ملا ہے، نہ بازآبادکاری کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی ریاستی حکام کی جانب سے کوئی مؤثر مدد دی گئی ہے۔ اے پی سی آر اس خاندان کو انصاف کے حصول کے لیے قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ تنظیم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندان کو دستیاب تمام قانونی معاوضے، بازآبادکاری اور دیگر سرکاری مراعات فوری طور پر فراہم کرے۔ ضلع سیوان میں وفد نے شہزاد علی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، جنہیں مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ مبینہ خاتون کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر اور خاندان کے الزامات کے مطابق شہزاد علی کو زبردستی گھر سے لے جایا گیا، درخت سے باندھا گیا اور انتہائی سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ مقدمے میں نامزد اہم ملزمان اب تک آزاد گھوم رہے ہیں اور انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

پولیس اسٹیشن کے حکام سے بھی ملاقات

دورے کے دوران اے پی سی آر کے وفد نے بڑہریا پولیس اسٹیشن کے حکام سے بھی ملاقات کی اور شہزاد علی کے قتل کی منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور مقررہ مدت میں مکمل ہونے والی تحقیقات کے مطالبے پر مشتمل ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کی۔ یادداشت میں تمام ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ خاندان و گواہوں کو مناسب تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اے پی سی آر ان تمام ہجومی تشدد کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ فوری تحقیقات، ملزمان کی گرفتاری، متاثرین کو معاوضہ اور گواہوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔ تنظیم بہار حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ تینوں متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے، مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرین کے لواحقین کو فوری معاوضہ اور بازآبادکاری کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اے پی سی آر انصاف کے حصول کے لیے تمام دستیاب قانونی ذرائع استعمال کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور ان مقدمات کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلایا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

World Rhino Day 2026: ورلڈ رائنو ڈے پر پی ایم مودی کا بڑا اعلان، ’پروجیکٹ رائنو‘ شروع، آسام میں دنیا کے 80 فیصد گینڈے

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…

6 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز میں بھارت کا ڈنکا، خواتین ٹیم نے جیتا گولڈ میڈل، وزیر داخلہ امت شاہ نے دی مبارکباد

بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…

6 hours ago

Prime Minister Narendra Modi: ’مکسڈ مارشل آرٹس میں بھارت کا تاریخی کمال…‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے سچیکا تاریال کو دی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…

7 hours ago