قومی

JIH expresses condolences: ڈاکٹر محمد منظور عالم کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کا اظہار تعزیت

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (IOS) کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحے کو مسلم امت اور اسلامی علمی دنیا کے لیے ایک بڑا فکری نقصان قرار دیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد منظور عالم ایک سنجیدہ عالم، دوراندیش ادارہ ساز اور ملت کے بے لوث خادم تھے۔ ان کی زندگی فکری دیانت داری، بلند اخلاقی، دانشمندی اور ایمان و یقین سے عبارت تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم نے اپنی پوری زندگی فکر کی آبیاری، اداروں اور افراد کی تشکیل میں صرف کی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں فوری ردِعمل کے بجائے ہمیشہ تحقیق، عقل و استدلال کو بنیاد بنایا۔ ڈاکٹر منظور عالم کا ماننا تھا کہ قومیں محض جذبات یا احتجاج سے نہیں بلکہ مضبوط علمی تحقیق، مستند اعداد و شمار اور معاشرے اور ریاست کے ساتھ ذمہ دارانہ تعامل کے ذریعے ترقی کرتی ہیں۔سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان میں مسلم فکر کے لیے پائیدار علمی فضا قائم کرنے میں ڈاکٹر منظور عالم کے غیر معمولی کردار کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی او ایس کے ذریعے ڈاکٹر منظور عالم نے ایک ایسا پلیٹ فارم قائم کیا جس نے فکری اعتماد، علمی نظم و ضبط اور تہذیبی شعور کو فروغ دیا۔ انہوں نے نئی نسل کو یہ ترغیب دی کہ وہ سماجی ذمہ داریوں ادا کریں اور قومی و عالمی سطح پر اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم انکساری، صبر اور خاموش استقامت کا پیکر تھے۔ بیماری کے ایام میں بھی وہ فکری طور پر بیدار اور اخلاقی طور پر سرگرم رہے۔ ان کی ثابت قدمی، سنجیدگی اور علم و تحقیق سے گہری وابستگی نے انہیں نظریاتی اور جغرافیائی حدود سے ماورا احترام کا مستحق بنا دیا تھا۔

اپنے پیغام کے اختتام پر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم کی زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ معاشرے میں پائیدار تبدیلی صرف ایمانی فکر، علمی کاوش اور خدمت پر مبنی قیادت سے آتی ہے۔ اگرچہ وہ اپنے رب کے حضور لوٹ چکے ہیں، مگر ان کی فکری وراثت اور غیر معمولی خدمات آئندہ نسلوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی عمر بھر کی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی کوتاہیوں کو معاف کرے اور ان کے اہلِ خانہ، رفقا اور ان تمام لوگوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے جو ان کے کام سے مستفید ہوئے۔

بھارت ایکسپریس  اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Nobel Peace Prize: ’مجھے کیوں نہیں؟‘ ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبیل امن انعام پر نوبیل کمیٹی کو سنائی کھری کھری

نوبیل امن انعام 2026 کے اعلان سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار…

1 hour ago

Manoj Jha Statement: پٹنہ میں سی ای سی کے خلاف احتجاج پر منوج جھا بولے، ’جمہوریت کے لیے مشکل وقت، اب مسلسل ہوں گے مظاہرے‘

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے پٹنہ میں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی)…

2 hours ago

Air India EasyRoom: ایئرپورٹ پر سم تلاش کرنے کی پریشانی ختم، ایئر انڈیا کا ایزی روم مسافروں کے لیے نئی سہولت

ایئر انڈیا کی اس نئی سہولت کا مقصد بیرون ملک پہنچنے کے بعد مقامی سم…

3 hours ago