قومی

Tamil Nadu Election 2026: تصویر جو دل جیت لے! 99 برس کی عمر میں ووٹ ڈال کر مثال قائم، جانئے کون ہیں وہ جس کی وزیر اعظم مودی نے کی تعریف؟

چنئی: ملک میں جمہوری عمل کے دوران کبھی کبھار ایسی مثالیں سامنے آتی ہیں جو نہ صرف عوام کو متاثر کرتی ہیں بلکہ ایک مضبوط پیغام بھی دیتی ہیں۔ جمعرات 23 اپریل کو جب مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں ووٹنگ جاری تھی، اسی دوران ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔ یہ تصویر تمل ناڈو کے سابق وزیر ڈاکٹر ایچ وی ہانڈے کی تھی، جنہوں نے 99 برس کی عمر میں اپنا ووٹ ڈال کر جمہوریت کے تئیں اپنی وابستگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر ایچ وی ہانڈے، جو تمل ناڈو کی سیاست اور طبی شعبے کی ایک معروف شخصیت رہے ہیں، خود پولنگ بوتھ پہنچے اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ ان کی اس اقدام نے نہ صرف عام شہریوں بلکہ ملک کی اعلیٰ قیادت کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے اپنی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے ایک متاثر کن پیغام بھی دیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا، ”99 سال کی عمر میں میں نے اپنے ملک کو اپنی آواز حاصل کرتے دیکھا ہے اور آج میں نے اپنی آواز کا استعمال کیا۔ میں نے پہلی بار 1946 میں بطور میڈیکل طالب علم ووٹ ڈالا تھا۔ ووٹنگ صرف ایک حق نہیں بلکہ ہمارے مستقبل کے تئیں ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ آپ کا ایک ووٹ اہمیت رکھتا ہے، باہر نکلیں، کھڑے ہوں اور اپنی موجودگی درج کرائیں“۔ ان کے اس پیغام نے نوجوانوں سمیت ہر طبقے کے لوگوں کو متاثر کیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کے جذبے کو سراہا اور اسے جمہوریت کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ڈاکٹر ہانڈے کے اس عمل کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے ان کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ”یہ ایک انتہائی اہم پیغام ہے۔ مجھے امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ووٹنگ میں حصہ لیں گے اور ہمارے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے“۔

ڈاکٹر ایچ وی ہانڈے کا شمار تمل ناڈو کی باوقار شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ سابق وزیر اعلیٰ ایم جی رامچندرن کی حکومت میں دو مرتبہ وزیر صحت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ سیاست کے ساتھ ساتھ انہوں نے طب کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جس کے اعتراف میں انہیں ملک کے ممتاز طبی اعزاز ڈاکٹر بی سی رائے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ہانڈے نے ادبی میدان میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کلاسیکی تمل ادب ”کمب رامائنم“ کا انگریزی نثر میں ترجمہ کیا، جو ان کی علمی اور ادبی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ان کی شخصیت سیاست، طب اور ادب تینوں میدانوں کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔ ان کی حالیہ تصویر اور پیغام نے یہ ثابت کر دیا کہ جمہوریت میں شرکت کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ جہاں ایک طرف نوجوانوں کو ووٹنگ کے لیے بیدار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، وہیں ڈاکٹر ہانڈے جیسے بزرگ شہری عملی مثال پیش کر کے سب کو ترغیب دے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف جمہوری اقدار کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Govt Decision On Flex Fuel Vehicles: فلیکس فیول گاڑیوں کو بڑی راحت، E85 کے ساتھ اب E100 ایتھنول پر چلنے والی گاڑیوں کو بھی منظوری

حکومت کے نئے قواعد کے مطابق، فلیکس فیول کے لیے تیار کی گئی گاڑیوں کو…

7 minutes ago

Election Commission: ایس آئی آر تنازع کے درمیان سرگرم ہوا الیکشن کمیشن، سوشل میڈیا پر وضاحت اور قواعد میں رعایت دے کر اعتماد جیتنے کی کوشش

ایس آئی آر تنازع کے درمیان الیکشن کمیشن سوشل میڈیا پر سرگرم ہوکر وائرل دعوؤں…

49 minutes ago