بین الاقوامی

Two Helicopters Collide During Landing in Nepal: نیپال میں لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، ایک شخص کی موت

نئی دہلی : ہندوستان کے پڑوسی ملک نیپال میں ایک بڑا فضائی حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ماؤنٹ ایورسٹ کےعلاقے میں واقع ایک بلند مقام پر لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر شخص زخمی بتایا جا رہا ہے۔ یہ حادثہ منگل 3 نومبر کی صبح سولکھمبو ضلع کے فیرچے ہیلی پیڈ پر پیش آیا، جب دونوں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے لیے آگے بڑھ رہے تھے۔نیپال پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے حادثے کی اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً 250 کلومیٹر دور سولکھمبو ضلع کے ایک ہیلی پیڈ پر پیش آیا۔ حادثے کی مبینہ ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں دونوں ہیلی کاپٹروں کو خطرناک حد تک قریب آتے اور ان کے روٹر بلیڈ کو آپس میں ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فش ٹیل ایئر اور ڈائنیسٹی ایئر کے ہیلی کاپٹر ٹکرائے

نیپال کی شہری ہوابازی اتھارٹی کے مطابق، فیرچے ہیلی پیڈ پر فش ٹیل ایئراورڈائنیسٹی ایئر کے زیرِاستعمال دوہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم ہوا۔ دونوں ہیلی کاپٹرجب لینڈنگ کے لیے ہیلی پیڈ کے قریب پہنچ رہے تھے تو ان کے روٹر بلیڈ آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں حادثے کا لمحہ قید ہو گیا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران ایک دوسرے کے انتہائی قریب آ گئے اور ان کے روٹر بلیڈ آپس میں ٹکرا گئے۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی

سولکھمبو ضلع پولیس دفتر کے ڈی ایس پی نوین راج بدھاتھوکی نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹر کھمبو پاسانگ لہامو کے فیرچے ہیلی پیڈ پر اترنے کی کوشش کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص غیر ملکی شہری تھا، تاہم ابتدائی طور پر اس کی شناخت اور قومیت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بعد میں لاش کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوکلا منتقل کیا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے ایک دیگر شخص کو علاج کے لیے دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔ نیپال کی شہری ہوابازی اتھارٹی کے اطلاعاتی افسر گیانیندر بھول نے بھی دونوں ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام واقعے کے بارے میں مزید معلومات جمع کر رہے ہیں۔

نیپال میں ہیلی کاپٹر سیاحت اور ریسکیو کے لیے اہم ذریعہ

 نیپال میں بلند پہاڑی علاقوں اور ماؤنٹ ایورسٹ کے اطراف سیاحوں اور کوہ پیماؤں کو لانے اور لے جانے کے لیے چھوٹے ہیلی کاپٹروں کا بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ضروری سامان کی ترسیل اور ہنگامی حالات میں ریسکیو آپریشن کے لیے بھی ہیلی کاپٹر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔فی الحال حکام حادثے کی وجوہات اور اس کے مکمل حالات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹروں کے روٹر بلیڈ کا آپس میں ٹکرانا حادثے کی فوری وجہ بنا، تاہم تصادم کن حالات میں ہوا، اس بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Union Home Minister Amit Shah: چھتیس گڑھ راجیہ اتسو کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے امت شاہ، تین اہم پروگراموں میں لیں گے حصہ

راجیہ اتسو کی اختتامی تقریب کے دوران ریاست کی خواتین کے لیے چلائی جانے والی…

1 hour ago

Test of Leadership: اقتدار، سوال اور قیادت کی آزمائش

بھارتی جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ ہر شہری کو سوال پوچھنے…

3 hours ago