لندن: برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو کے خلاف انتہائی سخت قدم اٹھاتے ہوئے ان سے ’’پرنس‘‘ کا خطاب واپس لے لیا ہے اور انہیں ونڈسر کے شاہی محل سے بے دخل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ جیفری ایپ اسٹین اسکینڈل سے ان کے مبینہ تعلقات کے بعد کیا گیا ہے، جس نے شاہی خاندان کے لیے ایک بڑا تنازع کھڑا کر دیا۔ کنگ چارلس کا یہ اقدام جدید برطانوی شاہی تاریخ میں کسی قریبی خاندانی رکن کے خلاف لیے گئے سب سے سخت فیصلوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شہزادہ اینڈریو کو ونڈسر اسٹیٹ میں واقع ان کے شاہی رہائش گاہ کی لیز ختم کرنے کا باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ اب وہ مشرقی انگلینڈ میں واقع سینڈرنگھم اسٹیٹ کے ایک نجی مکان میں منتقل ہوں گے۔
65 سالہ شہزادہ اینڈریو، جو مرحومہ ملکہ الزبتھ دوم کے دوسرے بیٹے ہیں، پر گزشتہ چند برسوں سے ان کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور مجرم جیفری ایپ اسٹین کے ساتھ تعلقات کے باعث شدید دباؤ تھا۔ گزشتہ ماہ انہیں ’’ڈیوک آف یارک‘‘ کے لقب کے استعمال سے بھی روک دیا گیا تھا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ اقدام ناگزیر تھا، چاہے شہزادہ اینڈریو اپنے خلاف الزامات سے انکار کرتے رہے ہوں۔ ان کی عظمتِ شاہی اس بات پر پُرعزم ہیں کہ اُن کی ہمدردیاں اور حمایت ہمیشہ ان متاثرین اور بچ جانے والے افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے کسی بھی قسم کے استحصال کا سامنا کیا ہے‘‘۔
شہزادہ اینڈریو نے 1980 کی دہائی میں فاک لینڈ جنگ کے دوران ایک بحری افسر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ 2011 میں انہیں برطانیہ کے تجارتی سفیر کے عہدے سے ہٹنا پڑا، جبکہ 2019 میں اُنہوں نے تمام شاہی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 2022 میں ان پر جنسی بدسلوکی کے سنگین الزامات عائد ہوئے، جنہیں انہوں نے ہمیشہ مسترد کیا۔ ان الزامات کے بعد ان سے تمام فوجی اور شاہی اعزازات بھی واپس لے لیے گئے تھے۔ کنگ چارلس کے اس تازہ فیصلے کے بعد، شہزادہ اینڈریو اب عملاً شاہی خاندان کا حصہ نہیں رہے، جو برطانوی بادشاہت میں اصلاحات کے ایک نئے دور کا اشارہ مانا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بہار کے ضلع ویشالی میں راگھوپور کے قریب کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔…
کیشوپور، جنک پوری، روہنی، سونیا وہار اور منگول پوری سمیت کئی علاقوں میں خفیہ کیمرے…
دہلی پولیس نے جنتر منتر کے علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے کے الزام میں…
تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے…
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ ’چوکیدار چور ہے‘ تبصرے سے متعلق فوجداری ہتک…
رشی سونک نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، آج نئی…