بین الاقوامی

Iran vows revenge: سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے بعد ایران کا انتقام کا اعلان، خطے بھر میں احتجاج کی لہر ہوئی تیز

تہران: ایران کے اعلیٰ ترین رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران نے سخت انتقام کی وارننگ دی ہے، جبکہ مختلف ممالک میں احتجاج اور سوگ کی لہر دیکھنے میں آئی ہے۔ ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے اتوار کو باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعے کو مذہبی اور تاریخی اعتبار سے نہایت اہم قرار دیا۔ وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کا پیغام شیئر کیا، جس کا آغاز قرآن کی ایک آیت سے کیا گیا۔ وزارتِ خارجہ نے حملے کے ذمہ داران کو خبردار کرتے ہوئے کہا: ’’وہ اپنے قاتلوں کے لیے ہمیشہ ایک زندہ ڈراؤنا خواب بنے رہیں گے۔‘‘

وزیر خارجہ عراقچی کا تعزیتی پیغام

سید عباس عراقچی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’غم سے بوجھل دل کے ساتھ میں اپنے دانا رہنما اور بصیرت افروز قائد، حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای کی شہادت پر امامِ عصر، ملتِ ایران اور امت مسلمہ کو دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کو ایک مدبر، باحکمت اور ثابت قدم رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاریخ کے لیے وقار، بصیرت اور استقامت کی لازوال میراث چھوڑی ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ان کی شہادت بلاشبہ ایک عظیم نقصان ہے، لیکن ان کی فکر اور نظریہ زندہ و متحرک رہے گا۔ ان کے بقول: ’’ان کا بلند کیا گیا پرچم زمین پر نہیں گرے گا، وفادار اور ثابت قدم ہاتھ اسے مزید بلند مقامات تک لے جائیں گے۔‘‘

وزارت خارجہ کا علیحدہ بیان

ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے الگ بیان میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے ایک متقی زندگی گزاری، ایران سے محبت کی، ملکی خودمختاری کو محفوظ بنایا اور بیرونی تسلط کی مخالفت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ رمضان المبارک کی 10 تاریخ کو ان کی شہادت انہیں ایران اور عالم اسلام کی تاریخ میں ایک متاثر کن شخصیت بنا دیتی ہے۔

ایران اور خطے میں احتجاج

سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ایران میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ دارالحکومت تہران کے علاوہ اصفہان اور زنجان میں بھی بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ شہر قم میں واقع حرم حضرت معصومہ پر ’’مرگ بر امریکہ‘‘ اور ’’مرگ بر اسرائیل‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ اسی طرح جمکران مسجد کے گنبد پر علامتی طور پر سرخ ’’پرچم انتقام‘‘ لہرا دیا گیا۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی عوامی اجتماعات دیکھنے میں آئے۔ بھارت میں دہلی میں ایران کلچرل ہاؤس کے باہر افراد جمع ہوئے جہاں تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔ جموں و کشمیر کے شہر سری نگر میں شیعہ برادری کے افراد نے United Nations Military Observer Group in India and Pakistan کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے خامنہ ای کی تصاویر اور ایران کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔

پاکستان میں کشیدگی

پریس ٹی وی کے مطابق پاکستان کے بعض علاقوں میں احتجاج پرتشدد رخ اختیار کر گیا۔ اسکردو میں اقوام متحدہ کے دفتر کو آگ لگا دی گئی، جبکہ کراچی میں مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کا رخ کیا، جہاں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ سپریم لیڈر کی ہلاکت کے باوجود ملک کا نظریاتی اور سیاسی راستہ جاری رہے گا، اور اسے ایمان، مزاحمت اور امید کا سفر قرار دیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

LPG Subsidy New Rules: ایل پی جی گیس بکنگ میں تبدیلی، یکم اکتوبر سے نئے اصول نافذ، سبسڈی کے لیے کرنا ہوگا یہ کام

یکم اکتوبر سے سبسڈی والے گھریلو ایل پی جی ری فل کی بکنگ کے لیے…

3 hours ago

JDU Internal Rift: جے ڈی یو میں اننت سنگھ اور نیرج کمار آمنے سامنے، پٹنہ گریجویٹ نشست پر بڑھا تنازع

اننت سنگھ نے نیرج کمار کے خلاف کھل کر محاذ کھولا، آزاد امیدوار انوج سنگھ…

4 hours ago

Andaman Tourism Vision: انڈمان کے سیاحتی شعبے کو نئی سمت دینے کی تیاری، قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے تیار ہوگا وژن ڈاکیومنٹ

لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ انڈمان نکوبار میں نئے سیاحتی مراکز تیار…

4 hours ago

Bharat Express Urdu Conclave: پاکستان نے گرچہ اردو کو اپنی زبان بنایا، لیکن اس کی جائے پیدائش اور اس کا خمیر ہندوستانی ہے: کرن رجیجو

بھارت ایکسپریس کے اردو صحافت کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اردو کو محبت…

4 hours ago

Prime Minister Narendra Modi: ملک کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے، وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کریں: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ آئچی-ناگویا میں…

5 hours ago