نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے ممبئی میں واقع رہائشی بنگلے ’منت‘ کی تزئین و آرائش سے متعلق دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے انہیں بڑی راحت فراہم کی ہے۔ عدالت نے بنگلے میں دو نئی منزلیں تعمیر کرنے کے لیے دی گئی کوسٹل ریگولیشن زون (سی آر زیڈ) منظوری کو چیلنج کرنے والی عرضی مسترد کر دی۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس بات سے متاثر نہیں ہوتی کہ کوئی شخص فلمی ستارہ ہے یا نہیں۔ اگر کسی نے متعلقہ قوانین کے مطابق اپنے مکان میں تبدیلی کی اجازت حاصل کی ہے تو اس پر اعتراض کی کوئی معقول بنیاد نہیں بنتی۔
درخواست گزار نے کیا اعتراضات اٹھائے تھے؟
ممبئی کے سماجی کارکن سنتوش داؤنڈکر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ’منت‘ میں دو اضافی منزلیں تعمیر کرنے کے لیے ضروری ماحولیاتی منظوری مکمل طور پر حاصل نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی سی آر زیڈ منظوری میں قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی نہیں کی گئی، جبکہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے بھی ان نکات پر مناسب توجہ نہیں دی۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سے اتفاق نہیں کیا۔ بنچ نے کہا کہ ابتدائی جائزے سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ متعلقہ قوانین پر مجموعی طور پر عمل کیا گیا ہے اور مجاز حکام نے تمام ضابطوں کی جانچ کے بعد ہی منظوری جاری کی تھی۔
پہلے ہی درخواست خارج کرچکا ہے این جی ٹی
اس سے قبل نیشنل گرین ٹریبونل بھی اسی معاملے میں درخواست مسترد کر چکا ہے۔ ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ مجوزہ تعمیراتی منصوبے کے لیے جاری کی گئی سی آر زیڈ منظوری میں کوئی طریقۂ کار کی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔ مزید یہ کہ منصوبہ صرف موجودہ عمارت کے اوپر دو نئی منزلیں تعمیر کرنے تک محدود ہے اور اس میں ایسا کوئی نیا توسیعی کام شامل نہیں جو قواعد کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔
دو نئی منزلیں تعمیر کرنے کا منصوبہ
شاہ رخ خان کا مشہور بنگلہ ’منت‘ ممبئی کے باندرہ علاقے میں سمندر کے کنارے واقع ہے اور شہر کی نمایاں رہائش گاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ شاہ رخ خان نے یہ جائیداد 2001 میں خریدی تھی، جس کے بعد اسے اپنے خاندان کی ضروریات کے مطابق تیار کرایا گیا۔ تزئین وآرائش کے منصوبے کے تحت ’منت‘ میں دو نئی منزلیں شامل کی جانی ہیں۔ چونکہ یہ عمارت ساحلی علاقے میں واقع ہے اور ورثہ (ہیریٹیج) عمارتوں کی فہرست میں شامل ہے، اس لیے تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل سی آر زیڈ سمیت متعلقہ محکموں سے قانونی منظوری حاصل کرنا لازمی تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
سندھ کے پانی کی تقسیم پر پاکستان کی فوج اور پنجاب کو ذمہ دار قرار…
اسٹار لنک نیٹ ورک کو تیزی سے پھیلانے کے لیے اسپیس ایکس کی مسلسل سیٹلائٹ…
باجھانگ ضلع میں 42 سالہ خاتون بملہ دیوی کا بیمار کتے کو زندہ پل سے…
سنیہا مکھرجی نے کلیان ٹھات میں رام استوتی اور راگ کلاوتی میں ترانہ پیش کیا،…
بھارت ایکسپریس اردو کے نیشنل کانکلیو کا اختتامی سیشن بھی بہت خاص رہا۔ اس خاص…
سوّرا بھاسکر نے 2019 کے ایودھیا فیصلے کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے مسلم دوستوں…