بالی ووڈ انڈسٹری سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، فلم 'دنگل' میں چھوٹی ریسلر کے روپ میں نظر آنے والی سوہانی اب نہیں رہیں۔
اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی عمر 19 سال تھی، انہوں نے آج اتنی کم عمر میں دنیا کو الوداع کہہ دیا۔
سوہانی بھٹناگر نے عامر خان کی فلم دنگل میں مہاویر پھوگاٹ کے کردار کی چھوٹی بیٹی ببیتا کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم 'دنگل' سال 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے ذریعے سوہانی بھٹناگر نے بطور چائلڈ آرٹسٹ بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔
لوگوں نے گیتا-ببیتا کا کردار ادا کرنے والی زائرہ وسیم اور سوہانی بھٹناگر کی اداکاری کو پسند کیا۔
فلم 'دنگل' میں کام کرنے کے بعد سوہانی بھٹناگر نے کچھ ٹی وی اشتہارات میں بھی کام کیا۔
فلمی دنیا میں آنے کے بعد سوہانی بھٹناگر نے پڑھائی پر توجہ دینے کے لیے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا۔
سوہانی کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا، ڈائیلاسز کے دوران دوائیوں کا سائیڈ ایفیکٹ ہوا اور اس کے جسم میں زہر پھیل گیا تھا۔
اسے دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ کئی دنوں تک موت سے جوجھ رہی تھیں۔
صرف 19 سال کی عمر میں جان کی بازی ہارنے والی سوہانی کی آخری رسومات اب فرید آباد میں کی جائیں گی۔