کیا گرم چائے پینے سے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے؟

جب موسم گرم ہوتا ہے تو بیشتر افراد ٹھنڈے مشروبات پینا پسند کرتے ہیں۔ مگر متعدد افراد ٹھنڈے کے بجائے گرم مشروبات جیسے چائے کا انتخاب کرتے ہیں۔

بیشتر افراد پورا سال بشمول موسم گرما کے دوران بھی چائے پینا پسند کرتے ہیں اور ایسا کہا جاتا ہے کہ چائے یا کافی پینے سے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے

مگر کیا واقعی گرم مشروبات آپ کے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں؟ اس کا مختصر جواب تو ہاں ہے مگر گہرائی میں جاکر دیکھا جائے تو اس کا انحصار مختلف عناصر پر ہوتا ہے۔

برطانیہ کے کنگز کالج لندن کے پروفیسر پیٹرایم سی نفٹن اسی طرح کے موضوعات پر تحقیقی کام کرتے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ گرم مشروبات سے واقعی خود کو ٹھنڈا رکھنا ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سننے میں تو یہ متضاد لگتا ہے مگر گرم مشروب جیسے چائے پینے سے جسمانی درجہ حرارت میں کمی آتی ہے مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ موسم بہت زیادہ مرطوب نہ ہو۔

اگر چائے یا کوئی مشروب جسم سے زیادہ گرم ہو تو اسے پینے سے پہلے یقیناً گرمی کا احساس ہوگا، مگر پھر ہمارے جسم کے اندر ایک نظام متحرک ہوگا

ان کا کہنا تھا کہ ان مشروبات کے استعمال پر ہمارے اعصاب ایک ریسیپٹر ٹی آر پی وی 1 کو متحرک کرتے ہیں، جو جسم کو ٹھنڈا ہونے کی ہدایت کرتا ہے اور پسینے کا اخراج ہوتا ہے۔

جِلد پر پسینے کا جمع ہونے سے پنکھے کی ہوا زیادہ خوشگوار محسوس ہونے لگتی ہے اور پسینہ بخارات بن کر اڑنے لگتا ہے۔

 پروفیسر پیٹر نے بتایا کہ ہماری زندگی کا انحصار پسینے پر ہوتا ہے کیونکہ اس سے ہم زیادہ درجہ حرارت کو برداشت کرنے کے قابل ہوتے ہیں

گرم اور خشک دنوں میں گرم مشروبات سے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے مگر یہ طریقہ کار اس وقت مؤثر ثابت نہیں ہوتا جب فضا میں نمی کی مقدار بہت زیادہ ہو۔

مرطوب موسم میں ہوا میں پانی کے بخارات کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور وہ ہماری جِلد پر جذب نہیں ہوتی، اسی وجہ سے مرطوب موسم میں گرمی کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ جب پسینہ مکمل طور پر بخارات بن کر اڑتا ہے تو گرم مشروبات سے خود کو عارضی طور پر ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے برعکس ٹھنڈے مشروبات پینے سے جسمانی درجہ حرارت کم ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں دماغ پسینے کا اخراج کم کرنے کی ہدایت دیتا ہے تاکہ جسمانی درجہ حرارت معمول پر رہ سکے

تو مرطوب موسم میں ٹھنڈے مشروبات پسینے کے اخراج کو کم کرنے کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ گرم مشروبات ایک اور طریقے سے بھی جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ان مشروبات سے جسم میں پانی کی مقدار میں کمی نہیں آتی جس سے پسینہ بننے کا عمل متاثر نہیں ہوتا۔